اسلام آباد ( مدارنیوز ) ملک میں کم آمدن والے شہریوں کیلئے نئی قرض اسکیم لانے کی منظوری دے دی گئی۔
وفاقی وزیر خزانہ اسحاق ڈار کی زیر صدارت کابینہ کی اقتصادی رابطہ کمیٹی (ای سی سی) کا اجلاس ہوا، جس میں ملک کی معاشی صورت حال اور مختلف منصوبوں پر تفصیلی بات چیت کی گئی، اس دوران ای سی سی نے کم آمدن والے افراد کو قرضوں کی فراہمی کیلئے کریڈٹ گارنٹی ٹرسٹ سکیم متعارف کروانے کی منظوری دی، اجلاس میں وزارت ہاوسنگ اینڈ ورکس کو گوجرہ ضلع ٹوبہ ٹیک سنگ میں انڈر پاس کی تعمیر کیلئے25 کروڑوپے جبکہ ڈیرہ اسماعیل خان میں ترقیاتی اسکیموں کیلئے کر14وڑ42 لاکھ روپے کی سپلمنٹری گرانٹ فراہم کرنے کی بھی منظوری دی گئی۔
اجلاس میں کاشتکاروں کی سہولت کیلئے کسان پیکج کے تحت زرعی ٹیوب ویلوں کیلئے بجلی کی قیمت 16 روپے 60 پیسے یونٹ سے کم کرکے 13 روپے فی یونٹ کرنے کی بھی منظوری دی، جس کا اطلاق یکم نومبر 2022 سے ہوگا، ای سی سی منے حکومتی ملکیتی پاور پلانٹس کو ادائیگیوں کے سیٹلمنٹ کیلئے93.44 ارب روپے کی تکنیکی ضمنی گرانٹ کی بھی منظوری دی، یہ رقم 31.15 ارب روپے قسط کے حساب سے تین اقساط میں ادا کی جائے گی۔
معلوم ہوا ہے کہ ای سی سی نے سیلاب سے متعلق تشہری مہم کیلئے وزارت اطلاعات و نشریات کو دو ارب روپے کی سپلمنٹری گرانٹ فراہم کرنے کی بھی منظوری دی ہے، اجلاس میں اقتصادی رابطہ کمیٹی نے فلمنٹ یارن کی درآمد پر پانچ فیصد ریگولیٹری ڈیوٹی عائد کرنے کی منظوری دے دی جب کہ ای سی سی نے مختلف اقسام کے ٹوبیکوز کی کم از کم قیمت بھی مقرر کرنے کی منظوری دیدی، سوڈیم کاربونیٹ کی درآمد پر ریگولیٹری ڈیوٹی کی شرح کو20 سے کم کرکے 10فیصد کرنے کی منظوری دی گئی۔