ریاض (مدارنیوز) سعودی عرب کے ساحلی شہر جدہ سمیت مغربی علاقوں میں شدید بارش کے نتیجے میں دوافراد جاں بحق ہوگئے ۔موسلادھار بارش سے پروازوں میں تاخیر ہوئی اوراسکولوں کو بند کردیا گیا ۔مکہ مکرمہ کی علاقائی حکومت نے اپنے ٹویٹرصفحہ پراطلاع دی کہاب تک دو اموات ریکارڈ کی جا چکی ہیں اور ہم سب سے اپیل کرتے ہیں کہ جب تک ضروری نہ ہو وہ گھروں سے باہر نہیں نکلیں۔
مکہ ریجن میں جدہ شامل ہے۔ یہ قریبا 40 لاکھ افراد پر مشتمل مملکت کا دوسرا بڑا شہر ہے، اورمکہ شہر اسلام کا سب سے مقدس شہر ہے جہاں ہر سال لاکھوں فرزندان توحید حج اورعمرہ کی ادائی کے لیے آتے ہیں۔سرکاری میڈیا کے مطابق دونوں کو ملانے والی شاہراہ بارش شروع ہونے کے بعد بند کر دی گئی تھی، تاہم بعد میں اسے دوبارہ کھول دیا گیا تھا۔
اسی شاہراہ کو بہت سے عازمین حج وعمرہ مکہ مکرمہ پہنچنے کے لیے استعمال کرتے ہیں۔
جدہ میں سوشل میڈیا پر پوسٹ کی گئی تصاویرمیں دیکھاجاسکتا ہے کہ کھڑے پانی سے ٹریفک متاثر ہو رہا ہے۔بعض تصاویرمیں جدہ میں شاہراہوں پرپانی کھڑا دیکھاجاسکتا ہے اور اس سے ٹریفک متاثر ہورہاہے اور کچھ گاڑیاں جزوی طور پر ڈوبی ہوئی دکھائی دے رہی ہیں۔شہر کے شاہ عبدالعزیز بین الاقوامی ہوائی اڈے سے خراب موسمی حالات کے پیش نظرکچھ پروازوں کی روانگی میں تاخیر ہوئی ہے۔
انتظامیہ نے مسافروں پر زوردیا کہ وہ اپنی پروازوں کے تازہ شیڈول کے لیے متعلقہ فضائی کمپنی سے رابطہ کریں۔سعودی پریس ایجنسی نے طلوع فجر سے قبل اطلاع دی تھی کہ شہر کے اسکولوں کوعارضی طورپربند کردیا جائے گا کیونکہ بارشوں کا سلسلہ دن بھرجاری رہنے کی پیشین گوئی کی گئی ہے۔نزدیک واقع شہر رابغ اور خلیص میں بھی اسکولوں کو بندکردیا گیا تاکہ طلبہ وطالبات کی حفاظت کو یقینی بنایا جاسکے۔