کراچی(مدارنیوز) وفاقی وزیرآئی ٹی وٹیلی کمیونیکیشن سید امین الحق نے کہا ہے کہ پاکستان میں اسمارٹ فونز کی مینوفیکچرنگ شروع ہوچکی ہے اورجولائی 2023 ء تک پاکستان میں 5G لانچ کردیاجائے گا، آئی ٹی انڈسٹریز اور جامعات کے باہمی اشتراک سے مستقبل کی ضروریات کو پوراکیاجاسکتاہے، ہماری کوشش ہے کہ ملک کے ہرحصے میں موجود افراد کی ٹیکنالوجی تک رسائی کو ممکن بنایا جائے۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعرات کو شعبہ کمپیوٹر سائنس جامعہ کراچی کے زیر اہتمام منعقدہ کیرئیر فیسٹ2022 ء کا دورہ کرتے ہوئے کیا۔کیرئیر فیسٹ میں ملک کی نامور کمپنیز کے 30 سے زائد اسٹالز لگائے گئے تھے جوطلباوطالبات ودیگر کی توجہ کامرکز بنے رہے۔سید امین الحق نے کہا کہ مجھے یہاں طلبااور بالخصوص طالبات کی کثیر تعداد دیکھ کرخوشی ہورہی ہے کیونکہ خواتین کو بااختیار بناکر ہی معاشرے ترقی کرسکتے ہیں،پاکستان کی دیگر 43 وزارتوں کے برآمدات کے مقابلے میں برآمدات میں سب سے زیادہ اضافہ آئی ٹی وٹیلی کمیونیکیشن میں ہوا ہے ،دیگر وزارتوں کی برآمد ات میں دوسے تین فیصدتک اضافہ ہوا ہے جبکہ آئی ٹی وٹیلی کمیونیکیشن کی برآمدات میں 47.44 فیصداضافہ ہواہے۔
2019-20 ء بھی اسٹارٹ اًپس کے لئے 75 ملین ڈالرز تھے جبکہ 2020 ء میں اسے بڑھاکر 373 ملین ڈالرز کردیئے گئے اور اس کو 500 ملین ڈالرز تک لے کر جائیں گے۔وفاقی وزیر امین الحق نے کہا کہ وزارت آئی ٹی وٹیلی کمیونیکیشن میں کرپشن کا نام ونشان نہیں اور جو کرپشن میں ملوث پایاجائے گا وہ منسٹری میں نہیں رہے گا،میں نے جب وزارت سنبھالی تو ہماری برآمدات 1.4 بلین ڈالرز تھی اورآج یہ بڑھ کر 2.6 بلین ڈالرز ہوگئی ہے جبکہ ہماراہدف 05 بلین ڈالرز ہے،عصر حاضر آٹے اور دال ، چاول کا دور نہیں بلکہ انفارمیشن ٹیکنالوجی کا دورہے کیونکہ آرکٹیچکر،ڈیفنس سسٹم،ہیلتھ عرض یہ ہر شعبہ ہائے زندگی میں ٹیکنالوجی بہت تیزی سے سرائیت کررہی ہے،ہمیں 2050 ء کے اہداف کے حصول کے لئے ابھی سے کام کرنا ہوگا۔
انہوں نے شعبہ جامعہ کراچی اور بالخصوص شعبہ کمپیوٹر سائنس کو مبارکباد پیش کی اور اس طرح پروگرامز کے تواترسے انعقاد پر زور دیا۔اس موقع پر جامعہ کراچی کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر خالد محمودعراقی نے کہا کہ جامعات عام طور پر تخلیقی سوچ کو پروان چڑھانے، ایجاد واختراع اورنئی تحقیق کا مرکز ہوتی ہیں،ہمارے نوجوانوں میںذہانت اور تخلیقی سوچ کی کمی نہیں ضرورت اس امر کی ہے کہ ان کی تخلیقی سوچ اور تخلیقات کو عملی جامہ پہنانے کے لئے ان کی معاونت اور انہیں سہولیات فراہم کی جائیں۔
جامعات اور صنعتوں کا اشتراک ناگزیر ہے اورصنعتوں کے ساتھ اشتراک جامعات کی اولین ترجیحات میں شامل ہے،ہم اپنے طلبہ کو مارکیٹ کی ضروریات سے ہم آہنگ کرنے کے لئے وقتاً فوقتاً صنعتوں کے اشتراک سے مختلف سیمینارزاور کانفرنسز کا انعقاد کرتے رہتے ہیں۔ چیئر مین شعبہ کمپیوٹر سائنس ڈاکٹر ندیم محمود نے کیرئیر فیسٹ کے انعقاد اور اس کے اغراض ومقاصد پر تفصیلی روشنی ڈالی اور تمام مہمانوں کا شکریہ اداکیا۔مشیر امور طلبہ جامعہ کراچی ڈاکٹر سید عاصم علی نے نظامت کے فرائض انجام دیتے ہوئے کیرئیرفیسٹ میں لگائے اسٹالز کے بارے میں بھی حاضر ین کو آگاہ کیا۔