اسلام آباد(مدارنیوزٹی وی ) کالعدم تنظیم تحریک لیبک پاکستان کی جانب سے نماز جمعہ کے بعد اسلام آباد کی جانب احتجاجی لانگ مارچ کے اعلان کے بعد پولیس نے کارکنان کے خلاف کریک ڈاﺅن شروع کردیا ہے ‘پولیس اور انتظامیہ کی جانب سے مظاہرین کو اسلام آباد پہنچنے سے روکنے کے لیے جڑواں شہروں میں متعدد اہم شاہراہیں بلاک کردی گئی ہیں.

کالعدم جماعت نے عید میلاد النبیﷺ کے موقع پر نکالے گئے جلوس کو 12 اپریل سے گرفتار اپنے قائد حافظ سعد رضوی کی رہائی کے لیے احتجاجی دھرنے کی شکل دے دی تھی 3 روز تک لاہور میں مسجد رحمت اللعالمین کے سامنے دھرنا دینے کے بعد کالعدم تنظیم نے اسلام آباد کی جانب لانگ مارچ کرنے کا اعلان کیا تھا اس حوالے سے جاری بیان میں یہ انتباہ بھی دیا تھا کہ اگر مظاہرین کو اسلام آباد جانے سے روکا گیا تو اس کے لیے منصوبہ تیار ہے چنانچہ احتجاج کے پیش نظر جڑواں شہروں میں سیکیورٹی ہائی الرٹ کردی گئی ہے اور میٹرو اسٹیشنز سمیت مختلف مقامات پر پولیس کی بھاری نفری تعینات ہے.
ادھر اسلام آباد اور راولپنڈی پولیس نے گزشتہ تقریباً 24 گھنٹوں کے دوران کالعدم ٹی ایل پی کے 100 سے زائد کارکنان گرفتار کرلیا ہے احتجاج کے پیش نظر وفاقی پولیس کے اہلکاروں اور جوانوں کی چھٹیاں منسوخ کردی گئی ہیں اور چھٹی پر گئے اہلکاروں کو ڈیوٹی پر واپس پہنچنے کی ہدایت کی گئی ہے. اسلام آباد میں فیض آباد کے مقام پر پولیس کی بھاری نفری تعینات کی گئی ہے جبکہ واٹر کینن اور بکتر بندگاڑیاں بھی فیض آباد پہنچا دی گئیں علاوہ ازیں آنسو گیس کی شیلنگ کے سامان سے لیس پولیس کے دستے بھی فیض آباد میں موجود ہیں اور ہدایت کی گئی ہے کہ مظاہرین کو کسی صورت فیض آباد نہ پہنچنے دیا جائے.
راولپنڈی میں سڑکیں بلاک اور میٹروبس سروس معطل ہونے کے باعث دفاتر جانے والے شہریوں کو سخت مشکلات کا سامنا کرنا پڑا جبکہ انتظامیہ نے شہریوں کو اسلام آباد کے غیر ضروری سفر سے اجتناب کرنے کی بھی ہدایت کی اس حوالے سے جاری بیان میں پولیس نے کہا کہ شہر میں کسی قسم کے احتجاج کی اجازت نہیں دی جائے گی مظاہرین کو احتجاج سے روکنے کے لیے راولپنڈی پولیس کی جانب سے شہر کی مختلف سڑکیں بلاک کر کے ٹریفک کارخ موڑ دیا ہے.
راولپنڈی ٹریفک پولیس کی جانب سے بتایا گیا کہ اسٹیڈیم روڈ راولپنڈی سے نائنتھ ایونیو سگنل پر ٹریفک کو دونوں جانب موڑ دیا گیا ہے اور ہدایت کی گئی کہ متبادل کے طور پر نائنتھ ایونیو اسلام آباد اور فیض آباد سے راولپنڈی جانے والے مسافر آئی جے پی روڈ استعمال کرے پولیس کے مطابق مری روڈ پر فیض الاسلام اسٹاپ ٹریفک کے دونوں اطراف بند ہے لہٰذا متبادل کے طور پر اسلام آباد سے مری روڈ راولپنڈی جانے والے مسافر اسلام آباد ہائی وے استعمال کریں.
علاوہ ازیں ایکسپریس چوک سے ڈی چوک تک دونوں اطراف جناح ایونیو کو بند کردیا گیا ہے اور ریڈ زون کے داخلے اور باہر نکلنے کے لیے شہریوں کو متبادل کے طور پرن ادرا چوک اور ایوب چوک استعمال کرنے کی ہدایت کی گئی اس کے علاوہ اسلام آباد ہائی وے سے آئی جے پی روڈ تک سوہان سٹاپ پر ٹریفک کو موڑا گیا ہے اور شہریوں کو متبادل طور پر فیصل ایونیو استعمال کرنے کا کہا گیا ٹریفک پولیس کے مطابق مری روڈ کو مریڑ چوک سے فیض آباد تک دونوں سائیڈوں پر کنٹینر لگا کر مکمل طور پر بند کر دیا گیا ہے تا کہ مری روڈ پر کسی جانب سے بھی ٹریفک داخل نہ ہو سکے.
دوسری جانب نائتھ ایونیو سے راولپنڈی کی جانب آنے والی ٹریفک کو آئی جے پی روڈ کی طرف ڈائیورٹ کیا جائے گا اور اسلام آباد جانے والے شہری پشاور روڈ اور آئی جے پی روڈ کا استعمال کرتے ہوئے اسلام آباد داخل ہو سکیں گے پولیس کے مطابق اولڈ ائیر پورٹ روڈ اور مال روڈ تمام ٹریفک کے لیے کھلی ہیں، ٹریفک کی روانی کو برقرار رکھنے کے لیے ہائی کورٹ چوک، کچہری اور مال روڈ پر ٹریفک پولیس کی اضافی نفری تعینات کر دی گئی ہے علاوہ ازیں راولپنڈی انتظامیہ نے گوالمنڈی، سٹی صدر روڈ، کامران مارکیٹ میں مختلف مقامات کو بھی سیل کردیا جس کے باعث شہریوں کو اشیائے خور و نوش کے حصول میں بھی مشکلات کا سامنا ہے.

LEAVE A REPLY

Please enter your comment!
Please enter your name here