تھائی لینڈ: اسکول ٹیچر کا نرسری کلاس کے بچوں پر بہیمانہ تشدد

0
55

بینکاک (مدار نیوز ٹی وی) تھائی لینڈ میں اسکول ٹیچر کا نرسری کلاس کے بچوں پر بہیمانہ تشدد۔ واقعے کی سی سی ٹی وی فوٹیج سامنے آنے کے بعد غصے سے بھری ماں اسکول پہنچ گئی، ٹیچر پر حملہ کر دیا۔ تفصیلات کے مطابق کمسن بچوں پر اسکولوں میں تشدد جیسے مسائل کا سامنا تقریباََ سبھی ممالک کا مشترکہ مسئلہ رہا ہے۔ وقت کے ساتھ ساتھ مہذب معاشرے دوران تدریس طلباء پر تشدد کے خلاف قوانین بناتے آئے ہیں اور اب ان قوانین میں مزید سختیاں شامل کی جا رہی ہیں تا کہ بچوں پر تشدد کے واقعات کو روکا جا سکے۔
موجودہ صورت حال یہ ہے کہ اقوام عالم کی اکثریت دوران تدریس طلباء پر تشدد کی نفی کرتی ہے اور اس کی روک تھام کے لیے کوشاں ہے۔ اسی حوالے سے تھائی لینڈ میں ایک انتہائی افسوسناک واقعہ پیش آیا ہے جس میں ایک اسکول ٹیچر کو نرسری کلاس کے ننھے بچوں پر تشدد کرتے ہوئے دیکھا گیا ہے۔
نونتھابوری کے اسکول میں 22 ستمبر کو 30 سالہ تھائی ٹیچر اورنما کو کمسن بچوں کو بری طرح مارتے پیٹتے دیکھا گیا، جس کی ویڈیو بھی ریکارڈ ہوئی۔
اس کے علاوہ ایک اور ویڈیو میں خاتون ٹیچر کو 3 سالہ بچی کو بری طرح ڈانتے بھی دیکھا گیا۔
خبر رساں ادارے کے مطابق جب سی سی ٹی وی کیمرے کی ویڈیوز کا بغور جائزہ لیا گیا تو دیکھنے والوں کی حیرت کی انتہا نہ رہی۔ ویڈیو میں دیکھا گیا کہ کس طرح خاتون ٹیچر بچوں کے سروں کو ڈیسک پر پٹختی ہے اور تب تک ان کے کان مروڑتی ہے جب تک کہ وہ درد سے چلانے نہ لگیں۔
ویڈیو میں دیکھا گیا کہ بےرحم خاتون ٹیچر بچوں کو واشروم میں بھی بند کر دیتی تھی۔ نیوز رپورٹس میں بتایا گیا ہے کہ 24 ستمبر کو والدین کے ساتھ اسکول اسٹاف کی ایک میٹنگ ہوئی جس میں ٹیچر نے اعتراف کیا کہ وہ بچوں کو بے دردی سے مارتی رہی ہے۔ اعتراف جرم کرنے کے بعد وہاں پر موجود متاثرہ بچوں کے والدین نے خاتون ٹیچر پر حملہ کر دیا جس کے بعد اسٹاف کی مداخلت سے ان کا غصہ ٹھنڈا ہوا۔ بدلے کی آگ میں جل رہی ایک ماں نے بھی خاتون ٹیچر پر حملہ کیا اور اس تک پہنچنے میں کامیاب ہو گئی۔ ٹیچر کی جانب سے میٹگ میں اعتراف جرم کرنے کے بعد والدین اور اسکول اسٹاف نے ملزمہ کو حوالہ پولیس کر دیا۔

LEAVE A REPLY

Please enter your comment!
Please enter your name here